اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا سے پاکستان میں مزید 39 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد مجموعی تعداد 873 ہو گئی۔ ملک میں 40 ہزار 151 شہری وائرس کا شکار ہیں جبکہ 11 ہزار 341 افراد تندرست ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں 15 ہزار 590، پنجاب میں 14 ہزار 584 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 847 اور بلوچستان میں 2 ہزار 544 افراد متاثر ہیں۔ اسلام آباد 947، گلگت بلتستان 527 اور آزاد کشمیر میں 112 افراد کورونا میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید ایک ہزار 352 کیس سامنے آئے ہیں۔
کراچی جناح ہسپتال کے سینئر سرجن پروفیسر اےآر جمالی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جنہیں نجی ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا، حفاظتی اقدامات کے باوجود بھی کورونا وائرس سینٹرل جیل کراچی پہنچ گیا۔ اب تک 40 قیدیوں اور عملے کے 3 ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
ادھر کوئٹہ کے بازاروں میں آج بھی ایس اوپیز کی خلاف ورزی جاری ہے جس پر شہریوں اور دکانداروں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ پاک ایران سرحد سے پاکستانیوں کی آمد جاری ہے، مزید 38 پاکستانی تفتان بارڈر پہنچ گئے جنہیں سکریننگ کے بعد قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں لاک ڈاون کی خلاف ورزی جاری ہے، انتظامیہ تمام تر کوششوں کے باوجود ایس او پیز میں عملدرآمد کروانے میں ناکام نظر آتی ہے۔