لاہور: (دنیا نیوز) لاہوریوں کے لئے ایک اور خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب نے فردو س مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، منصوبے پر مجموعی طو رپر ایک ارب 76 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
انڈر پاس 4 ماہ میں مکمل ہوگا، دورویہ انڈرپاس 540 میٹرطویل اور دو دو لینز پر مشتمل ہوگا۔ منصوبے کے لیے 7 کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی جبکہ فردوس مارکیٹ چوک میں واقع کوئی عمارت متاثر نہیں ہوگی، انڈر پاس کی تعمیر سے روزانہ 91 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13 کروڑ روپے کی بچت کی جس کے بعد منصوبے کی تعمیراتی لاگت 96 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا ڈیزائن نیسپاک کنسلٹنٹ نے تیار کیا ہے۔