ووہان میں پھنسے طلبہ وطن پہنچ گئے، اڑتالیس گھنٹوں کے لیے قرنطینہ سینٹر منتقل

Last Updated On 18 May,2020 10:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ائیرلائن کی خصوصی پرواز کورونا وائرس کی وبا کے باعث چین کے شہر ووہان میں پھنسے طلبہ کو لے کر وطن واپس پہنچ گئی۔ پاکستان پہنچنے والے 274 طلبہ کو اڑتالیس گھنٹوں کے لیے قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق ووہان سے واپس آنے والے 274 طلبہ کا چینی حکام نے تین بار طبی معائنہ کیا جبکہ بخار کی علامات ظاہر ہونے پر 16 پاکستانی طلبہ کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔

قومی ائیرلائن کی وطن واپس پہنچنے والی پرواز میں سوار طلبہ کو ائیرپورٹ پر موجود میڈیکل ٹیم نے دوبارہ طبی معائنہ اور ٹیسٹ کیا۔ پرواز کے اڑان بھرنے سے قبل بھی تمام طلبہ کا جہاز میں ہی میں بخار چیک کیا گیا۔

ان میں سے سولہ طلبہ کو جہاز سے آف لوڈ کرنے پر دوبارہ جہاز میں جراثیم کش سپرے کیا گیا اور اس دوران پرواز تین گھنٹے کی تاخیر سے اڑان بھری۔

وطن واپس پہنچنے والے 274 طلبہ کو 48 گھنٹوں کے لیے دو ہوٹلوں اور کٹاس کالج چکوال میں قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھر امریکا میں پھنسے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لے کر پہنچ گئی ہے۔ پی آئی اے کی پرواز 8712 کے ذریعے 250 مسافر لاہور پہنچے ہیں۔