وفاقی حکومت کا ملک کے بڑے ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کا اصولی فیصلہ

Last Updated On 18 May,2020 07:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ائیرپورٹس آؤٹ سورس کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے کیا جائے گا۔ پاکستان کے تمام ایئرپورٹس ٹھیکے پر دینے کی سمری منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

کابینہ پاکستان کے بڑے ائیرپورٹس آؤٹ سورس کرنے کے معاملہ کا جائزہ لے گی۔ کابینہ اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا۔ اس میں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان پالیسی بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی۔

اجلاس میں وفاقی کنسولیڈیشن فنڈ اور وفاق کے پبلک اکاؤنٹس کی کسٹڈی اور آپریشنز کیلئے خزانہ ڈویژن کی سمری بھی زیر غور آئے گی۔ اجلاس میں انڈس ریورر سسٹم (ارسا) کی جانب سے ٹیلی میٹرک مانیٹرنگ کے ذریعے ریئل ٹائم بنیادوں پر پانی کی تقسیم اور پیمائش کی سمری بھی زیر غور آئے گی۔

کابینہ اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیشنز ایکٹ کے تحت ہیلتھ کیئر اتھارٹی بورڈ کے ممبران نامزد کرنے کی سمری کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر اتھارٹی کی بجٹ کمیٹی کے ممبران نامزد کرنے کی منظوری پر بھی غور ہوگا۔