کرپٹ لیگ کی قیادت اربوں ڈالر کی چوری پر عدالت سے سزا یافتہ ہے، شہباز گل

Last Updated On 18 May,2020 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ کرپٹ لیگ کی قیادت اربوں ڈالر کی چوری پر عدالت سے سزا یافتہ ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے لیگی رہنما احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا ہمارے قابل سائنسدانوں کو جاتا ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر بارہا بتا چکے کہ نواز شریف ایٹمی دھماکے کرنے سے ڈرتے تھے، 1998ء میں پاکستانی سائنسدانوں نے جذبہ حب الوطنی کے تحت حکومت کو ایٹمی دھماکوں پر مجبور کیا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہر چند روز بعد عوام کو گمراہ کرنے کیلئے نیا شوشہ چھوڑ دیتے ہیں۔ کرپٹ لیگ کی قیادت اربوں ڈالر کی چوری پر عدالت سے سزا یافتہ ہے۔ جناب! جعلی ارسطو بھول گئے کہ ان کی حکومت نے اپنے دور میں تاریخی قرضے لیے۔ 20 ارب ڈالر کا سالانہ خسارہ آپ کی معاشی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستانی عوام ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کا اصل چہرہ پہچان چکے ہیں۔ ن لیگ کی قیادت کے بھارت کیساتھ ملکی نہیں ذاتی نوعیت کے تعلقات تھے۔ شریف فیملی کے بھارتی سرمایہ داروں کے ساتھ ذاتی کاروباری مراسم تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی کو آپ خاندانی تقریبات میں بلاتے ہیں۔ جندال کو آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر ویزا مری ملاقات کے لیے بلایا گیا۔