فی تولہ سونا 2 ہزار روپے مہنگا

Last Updated On 18 May,2020 09:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے بعد صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں دو ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، آج بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 43 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی نئی قیمت 1762 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے۔

دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، حیدر آباد، سکھر، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 97 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ 

جیولرز کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے ، معاشی سست روی ، اسٹاک مارکیٹ میں عدم دلچسپی اور چین و امریکہ کے درمیان تجارتی معملات میں خلش کے باعث بین الاقوامی انویسٹرز سونے کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔

سناروں کا کہنا ہے کہ گولڈ کی قیمت میں اضافہ تو ہورہا ہے لیکن عوام کی قوت خرید کمزور پڑ جانے کے باعث سیلز شدید متاثر ہورہی ہے ۔