شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ، چودھری مونس الہیٰ نے سفارشات کی حمایت کردی

Last Updated On 21 May,2020 11:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ق چودھری مونس الہیٰ نے شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سازی کیلئے سفارشات کی حمایت کرتا ہوں۔

چودھری مونس الہیٰ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ کسی شوگر مل کی مینجمنٹ میں شامل ہوں اور نہ ہی کسی مل کے بورڈ کا حصہ ہوں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سٹہ بازی اور چینی کی قیمتوں میں ساز باز سے جوڑ توڑ روکنے کے لئے کمیشن کی سفارشات کی حمایت کرتا ہوں۔

 

ادھر جہانگیر ترین نے بھی شوگر کمیشن رپورٹ میں لگائے جانے والے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا ہے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے رپورٹ میں لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، ہمیشہ دیانت داری سے کاروبار کیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی شوگر ملوں میں كسانوں کو گنے کی پوری قیمت ادا کی جاتی ہے۔ کاروبار کے لئے دو بكس رکھنے کا الزام بھی جھوٹ پر مبنی ہے۔ اپنے تمام ٹیکس ایمانداری سے ادا کرتا ہوں، سچ ثابت کرنے کے لئے تمام الزامات کا جواب دونگا۔