وزیراعظم سے عبدالعلیم خان کی ملاقات، اہم محکمانہ امور پر تبادلہ خیال

Last Updated On 22 May,2020 09:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں اہم محکمانہ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے عیدالفطر کے بعد پنجاب کے محکمہ خوراک میں نئی پالیسیاں لانے کے حوالے سے اجلاس بلانے کا عندیہ دیا جس کی وہ خود صدارت کریں گے۔

عبدالعلیم خان نے وزیراعظم عمران خان کو گندم کی خریداری کے موجودہ نظام اور اس میں مجوزہ تبدیلیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹے، چینی یا کسی بھی پراڈکٹ پر سبسڈی کا طریقہ کار تبدیل ہونا چاہیے اور اس کا فائدہ ملز یا اداروں کی بجائے عوام کو ہونا چاہیے جس میں متوسط طبقے کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جا سکے۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے وزیراعظم عمران خان کو پنجاب میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں گندم کی ریکارڈ خرید پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا اور سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی کارکردگی کو اس حوالے سے خصوصی طور پر سراہا۔ ملاقات میں بعض اہم سیاسی اور محکمانہ امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔