لاہور: (دنیا نیوز) عیدالفطر کا چاند 23 مئی کو نظر آئے گا یا پھر 24 مئی کو؟ ملکی اداروں کے درمیان ایک با ر پھر بحث چھڑ گئی۔ وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ شوال کا چاند 23 مئی کو نظر آئے گا جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیس روزے پورے ہوں گے۔
تفصیل کے مطابق عید کا چاند ایک بار پھر وجہ تنازع بن گیا ہے۔ وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور رویت ہلال کمیٹی اس اہم معاملے پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بھی اپنی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کا مہینہ 30 دن کا ہو سکتا ہے۔ 23 کے بجائے شوال کا چاند 24 مئی کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ یوں ملک بھر میں عیدالفطر 25 مئی کو ہو گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ شوال کا چاند 23 مئی کو نظر آئے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی عیدالفطر پیر کو منانا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری نے ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا
فواد چودھری نے ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر 24 مئی کو ہوگی۔ رویت ہلال کمیٹی پیر کو عید کرنا چاہتی ہے، کل پریس کانفرنس میں تمام ضروری امور سامنے لاؤں گا، پریس کانفرنس میں بتاؤں گا کہ عید 24 مئی کو کیونکر بنتی ہے، یہ بھی بتاؤں گا کہ رویت ہلال کمیٹی کیوں پیر کی عید کرنا چاہتی ہے، سائنس کے جدید دور میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارا کیلنڈر بتا رہا ہے کہ چوبیس تاریخ کو عیدالفطر ہوگی، فواد چودھری
خیال رہے کہ گزشتہ روز فواد چودھری نے کہا تھا کہ ہمارا کیلنڈر بتا رہا ہے کہ چوبیس تاریخ کو عید ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان پریس کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اوورسیز صحافیوں سے ورچوئل میٹ دی پریس سے خطاب میں کہی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رویت ہلال فرقہ وارانہ مسئلہ بن چکی ہے۔ مفتی منیب الرحمن اور مفتی پوپلزئی دو انتہاؤں پر کھڑے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیشہ کہتی ہے کہ جو وقت گزر جائے اچھا ہے۔ کبھی پوپلزئی صاحب اور کبھی مفتی منیب صاحب کے ساتھ مسئلہ بن جاتا ہے۔
کورونا وائرس بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک پاکستان میں حالات کنٹرول میں ہیں۔ پاکستان میں سینتالیس لوگ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ آبادی اتنی زیادہ ہے کہ وائرس کا حملہ بڑھا تو مشکل ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر چوبیس مئی بروز اتوار کو ہوگی۔ چاند میرے یا مفتی صاحبان کے کہنے پر مدار نہیں بدلے گا۔ رویت ہلال فرقہ ورانہ مسئلہ بن چکی ہے۔ مستقبل میں مولوی صاحبان کو چیلنج درپیش ہوگا کہ چاند پر رہنے والوں نے عید کیسے منانی ہے۔