لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد جنوبی افریقی سپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کرنا اور کھلاڑیوں کے جشن پر پابندی کی وجہ سے مشکل تو ہو گی لیکن کورونا کے دور میں کرکٹ کی سرگرمیاں کہیں سے تو شروع کرنا ہیں۔بابر اعظم اور ویرات کوہلی دونوں ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 41 سالہ عمران طاہر ملتان سلطانز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کے لیے پاکستان میں موجود تھے، پی ایس ایل کورونا وائرس کے باعث ملتوی کر دی گئی۔ عمران طاہر نے چند روز لاہور میں بہن بھائیوں اور قریبی عزیز و اقارب کے ساتھ گزارنے کے لیے قیام کرنا تھا لیکن اسی دوران فضائی آپریشن معطل ہو گیا اور عمران طاہر جنوبی افریقا نہ جا سکے۔
اس طرح عمران طاہر اب بھی لاہور میں ہی ہیں اور کبھی کبھار وہ پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ مقامی اکیڈمی میں ٹریننگ کرتے ہو ئے بھی دیکھے جاتے ہیں۔
20 ٹیسٹ، 107 ون ڈے اور 38 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے عمران طاہر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اس وقت دنیا جس دور سے گزر رہی ہے یہ ایک مشکل وقت ہے۔ وبا سے بہت کچھ تبدیل ہو رہا ہے، لگتا ہے کہ اب ہم سب کو کچھ عرصہ کے لیے اسکے ساتھ ہی رہنا پڑے گا اور خود کو اس کے مطابق ڈھالنا پڑے گا۔ کووڈ 19 کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں رکی ہوئی ہیں لیکن اب ان سرگرمیوں کے آغاز کے لیے ہمیں کہیں سے تو قدم اٹھانا پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ ابھی بات ہو رہی ہے کہ تماشائیوں کے بغیر میچز ہوں گے اور کچھ روایات اور قوانین کو بھی تبدیل کرنا پڑے گا، مشکل تو ہو گا لیکن کیا کیا جائے کچھ تو کرنا پڑے گا، یہ ایسی صورت حال ہے جس پر کسی کا کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔
لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ میچز کے دوران تماشائیوں کی وجہ سے ایک الگ ماحول ہوتا ہے، اب اگر میچز تماشائیوں کے بغیر شروع ہوتے ہیں تو عجیب لگے گا، اسی طرح میچز میں جشن نہ منانے کی عادت اپنانا بھی مشکل ہوگا۔ کچھ لوگ بہت پرجوش ہوتے ہیں اور وہ ایسا قدرتی طور پر کرتے ہیں جبکہ کچھ نارمل رہتے ہیں لیکن جو بہت پرجوش ہوتے ہیں ان کیلئے خود کو جشن منانے سے روکنے میں دشواری پیش آئے گی۔
ان دنوں ایک بار پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کپتان بابرا عظم اور بھارت کے ویرات کوہلی کے درمیان موازنہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے عمران طاہر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا ریکارڈ سب کے سامنے ہے، دونوں کرکٹرز بڑے ٹیلنٹڈ ہیں، میں دونوں کو ہی ورلڈ کلاس کرکٹر قرار دوں گا۔