کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے امریکی حمایت کو سراہتے ہیں: حفیظ شیخ

Last Updated On 21 May,2020 05:06 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ پاکستان فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس، کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے اور گروپ 20 ممالک کی جانب سے قرضوں میں سہولت کے اقدام میں امریکی حمایت کوسراہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خزانہ میں یوایس پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداروں سے ورچوئل اجلاس کے دوران کہی۔ ورچوئل اجلاس میں کونس کے صدر ایسپرانزاجیلیان، یوایس چیمبرآف کامرس کے سینئیر نائب صدر برائے ایشیاء چارلزفری مین،یوایس پاکستان بزنس کونسل کے چئیرمین سٹیون کوبوس، امریکا میں پاکستان کے سفیرڈاکٹراسدمحمدخان اورکونسل کے دیگرعہدیداراوراراکین نے شرکت کی۔

وزیراعظم کے مشیرنے امریکا میں کورونا وائرس کی عالمگیروباء سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پرگہرے رنج وغم اورہمدردی کااظہارکیا۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات بالخصوص تجارتی روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں تجارت اورسرمایہ کاری کے موجود استعداد کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بڑھوتری کی وسیع تراستعداد موجودہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی قیادت نے صدرڈونلڈٹرمپ سے ماضی قریب میں تین ملاقاتیں کی ہیں اورامریکی سیکرٹری تجارت ولبرراس کااس سال کے اوائل میں دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اورسرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کررہاہے۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کاروبارمیں آسانیوں، ضابطہ جاتی امورمیں بہتری اوروسیع مارکیٹ کی استعداد کے تناظرمیں پاکستان امریکی تاجروں اورسرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری اورمشترکہ منصوبوں کے حوالہ سے بہترین ملک ہے۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ پاکستان کی حکومت نے حال ہی میں 1200 ارب روپے سے زائد کے امدادی پیکج کااعلان کیاہے، پیکیج میں معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کیلئے براہ راست نقد امدادکی فراہمی، ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی اور آسان قرضے شامل ہیں، اس کا مقصد معیشت اورکاروبار کوبڑھاوادیناہے،اسی طرح آنے والے بجٹ میں کاروبار اورتجارت کوفروغ دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائے گی، اس مقصد کیلئے خام مال پرٹیرف کی شرح میں زیادہ سے زیادہ کمی لائی جائے گی۔

پاک یو ایس بزنس کونس کے صدر ایسپرانزا جیلیان اور یوایس پاکستان بزنس کونسل کے چئیرمین سٹیون کوبوس نے کہاکہ امریکی حکومت اور تاجر و سرمایہ کار پاکستان کو اہم تجارتی شراکت دارملک سمجھتے ہیں، امریکی سیکرٹری تجارت کے دورہ پاکستان سے بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ امریکا پاکستان کواہم تجارتی شراکت دارملک سمجھتا ہے۔انہوں نے مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں فروغ کی امید ظاہر کی۔