اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈومیسائل کے اجرا سمیت دیگر اقدامات قابل مذمت ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارتی فوج جعلی کارروائیوں میں کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ پاکستان مقبوضہ وادی میں بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی پر تشویش ہے جبکہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی نمائندوں کے بیانات کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ڈومیسائل کا جرا اور متعلقہ اقدامات قابل مذمت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ افغانستان میں حکومتی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، سینئر بھارتی سفارتکار کی طلبی، پاکستان کا احتجاج
ادھر پاکستان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی ایک اور خلاف وزری پر سینئر بھارتی سفارتکار کو طلب کر کے بھرپور احتجاج کیا اور مراسلہ دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے 20 مئی کو کنٹرول لائن کے سیکٹر چری کوٹ میں پوٹھی گائوں کو نشانہ بنایا، بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 45 سال کا محمد عارف شدید زخمی ہو گیا، بھارتی اشتعال انگیزی پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا اور احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت اب تک 1102 بار کنٹرول لائن جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کر چکا ہے۔