پی آئی اے طیارہ حادثہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول

Last Updated On 22 May,2020 05:44 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے طیارہ حادثہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے، لاہور سے آنے والا طیارہ کراچی میں لینڈنگ کیلئے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ طیارہ حادثے کے بعد دھوئیں کے بادل بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

دوسری طرف طیارے کے پائلٹ کی کنٹرول ٹاور سے آخری گفتگو سامنے آئی ہے۔ پائلٹ نے بتایا کہ انجن فیل ہو گیا ہے۔

فنی خرابی پر کپتان کو گائیڈ لائن دینے کے دوران طیارہ ریڈار سے غائب ہوا۔ پائلٹ نے تین بار ’مے ڈے‘ ’مے ڈے‘ ’مے ڈے‘ کہا۔ پائلٹس مے ڈے کا کوڈ ورڈ ایمرجنسی کی نشاندہی کے لئے استعمال کرتے ہیں۔

کنٹرول ٹاور کے نمائندے نے کپتان کو آگاہی دی کہ رن وے تیار ہے، جس پر کپتان نے کہا کہ انجن فیل ہوگیا ہے، بیلی لینڈنگ کراؤں گا۔ لینڈنگ سے ایک منٹ قبل طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا۔

کپتان نے کنٹرول ٹاور کو طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کی اطلاع دی۔ طیارے کے پہیے نہیں کھل رہے تھے اس لیے راؤنڈاپ کا کہا گیا۔

چیئرمین پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پائلٹ کو بتایا گیا دونوں رن وے کلیئر ہیں لیکن پائلٹ نے فضا میں چکر کاٹنے کا فیصلہ کیا۔
 

Advertisement