کراچی: (روزنامہ دنیا) زخمی محمد زبیر کا کہنا ہے کہ جب طیارے نے جھٹکے لیے تو میں یہ سمجھا کہ لینڈنگ ہو رہی ہے، اگلے ہی لمحے زور دار دھماکا ہوا، اس دھماکے کے بعد ہوش نہ رہا، جب ہوش آیا تو ہر طرف دھواں ہی دھواں تھا۔
پی آئی اے کے طیارے میں اب تک 2 افراد کے بچ رہنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کے علاوہ سیالکوٹ کا محمد زبیر بھی محفوظ رہا۔ ظفر مسعود کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حادثے ہوتے ہی وہ طیارے سے باہر جا گرے تھے۔ کہنی کی ہڈی ٹوٹی۔ انہیں دارالصحت ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ہسپتال کی انتطامیہ نے بتایا کہ ظفر مسعود کی کولھے اور کالر کی ہڈی ٹوٹی ہے، ہسپتال میں ان کے بھائی ان کے ساتھ ہیں، ظفر مسعود نے فون پر اپنی والدہ سے گفتگو کی۔
سندھ کے وزیر اعلٰی سید مراد علی شاہ نے ظفر مسعود کی عیادت کی۔ انہوں نے آواز دی اور حال پوچھا تو ظفر مسعود نے کہا اللہ کا شکر ہے، اس نے بہت کرم کیا۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ ظفر مسعود جھلسے نہیں، صرف خراشیں آئی ہیں، سلیم مانڈوی والا نے بھی عیادت کی۔