کراچی: (روزنامہ دنیا) ملیر میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ نے حادثے سے 19 منٹ قبل کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی تھی مگر انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث طیارے کو پھر بلند کرلیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو بتایا کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر نہیں کھل رہے۔ رن وے تک پہنچنے کے دوران پائلٹ لینڈنگ گیئر کھولنے کی کوشش کرتا رہا۔ طیارہ عین رن وے پر پہنچ گیا مگر لینڈنگ نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق دوبارہ اڑان بھرتے ہی پائلٹ نے ایک چکر لگانے کیلئے طیارے کو بائیں طرف موڑا اور شاہ فیصل کالونی، ملیر اور نیشنل ہائی وے سے ہوتے ہوئے لینڈنگ کیلئے دوبارہ اپروچ کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق کپتان نے آخری حربے کے طور پر سسٹم کو پمپ کیا تو جہاز کے پہیے کھل گئے تاہم تب تک ایک انجن فیل ہوچکا تھا۔ پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو اس بار دوسری ہنگامی صورت حال سے بھی آگاہ کیا اور طیارے کو ہر ممکن مہارت سے ایئر پورٹ تک لے جانے کی کوشش کی مگر اس دوران جہاز کا دوسرا انجن بھی فیل ہوگیا اور یوں حادثہ ہوا۔