لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے طیارہ حادثہ قومی سانحہ ہے، شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا لاہور کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، کورونا کی وجہ سے پاکستان ہی نہیں ساری دنیا کی معیشت ڈوب گئی، پاکستان 19 واں ملک ہے جو کورونا سے زیادہ متاثر ہے، کورونا وائرس کو کوئی سنجیدگی سے نہیں لے رہا اور کیسزمیں اضافہ ہو رہا ہے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا لاک ڈاؤن میں نرمی معیشت کو تباہی سے بچانے کیلئے کی گئی، لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ وبا ختم ہوگئی، احتیاط نہ کی تو ایسا نہ ہو پاکستان کورونا سے متعلق 10 ممالک میں آجائے، عوام کی ذمہ داری ہے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، بے احتیاطی کے بھیانک نتائج ہو سکتے ہیں۔