کورونا وائرس عالمی مسئلہ، دنیا کو مشترکہ حل تلاش کرنا ہوگا: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 28 May,2020 07:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کو عالمی مسئلہ اور اس کا مشترکہ حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھانا پڑیں گے۔

کورونا وائرس کے بعد ترقی کیلئے سرمایہ کاری پر عالمی ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وائرس نےعالمی معیشت پر بہت برے اثرات چھوڑے لیکن ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہوئے، اس وبا کی وجہ سے ہماری برآمدات متاثر ہوئیں۔ اس وقت نائیجیریا، ایتھوپیا اور مصر کو بھی پاکستان جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے دنیا کو اقدامات کرنا پڑیں گے کیونکہ وبا عالمی مسئلہ ہے اور ہمیں مل کر مشترکہ طور پر اس کا حل نکالنا ہوگا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جی ٹونٹی ممالک کی بھی تعریف کی اور کہا کہ کورونا کے خلاف ان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

خیال رہے کہ اس اعلیٰ سطح ورچوئل اجلاس کی میزبانی کینیڈا، جمیکا کے وزرائے اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں ترقی پذیر ممالک کو درپیش قرضوں کی واپسی اور مختلف مالیاتی مشکلات کو حل کرنے کے ممکنہ طریقوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو اس تقریب کیلئے دعوت ترقی پذیر ممالک کے مخلص ترجمان کے طور پر ان کے کردار اور اکثر ترقی پذیر ممالک کے قرضوں سے پیدا ہونے والی مشکلات پر قابو پانے کیلئے اجتماعی کوششوں کے بارے میں ان کی اپیل پر ان کے کردار کا اعتراف ہے۔

اس اعتراف کے باعث ہی پاکستان ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں کی واپسی کے معالے پر قابل اعتماد ممالک کے گروپ کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کامیاب ہوا ہے جن میں دنیا کی بڑی مالیاتی قوتیں شامل ہیں۔
 

Advertisement