لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے گندم اور آٹے کی سبسڈی میں تبدیلی لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلور ملز اور اداروں کی بجائے اس کا فائدہ بلا واسطہ عام آدمی کو ہونا چاہیے۔
عبدالعلیم خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مستحق اور کم آمدنی والوں کیلئے آٹے پر علیحدہ اور زیادہ سبسڈی ہونی چاہیے۔ فائیو سٹار ہوٹل اور ڈھابے پر ایک ہی قیمت کے آٹے کی فراہمی زیادتی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ امیر اور غریب آدمی ایک ہی ریٹ پر روٹی لے رہا ہے۔ آٹے کی سبسڈی کے لئے ‘’کوپن سسٹم’’ کی تجویز زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے مربوط پالیسی لائیں گے اور غریب آدمی تک زیادہ سے زیادہ سہولت پہنچانے کیلئے اقدامات کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی کی فراہمی کیلئے احساس پروگرام کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جا سکتی ہے جبکہ عام آدمی کی سہولت کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کا نیٹ ورک بھی استعمال میں لائیں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئے نظام کے لئے وفاقی حکومت سے بھی مشاورت کریں گے۔ سبسڈی کے نئے میکنزم کی تشکیل کے لیے محکمہ خوراک کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔