انٹر بینک میں ڈالر مزید 98 پیسے مہنگا، سونے کے بھی دام بڑھ گئے

Last Updated On 01 June,2020 05:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر بالترتیب 98 پیسے اور 50 پیسے مہنگا ہو گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پاکستان میں امریکی ڈالر کی قدر مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، جس کے باعث روپیہ تنزلی کی طرف جا رہا ہے، کورونا وائرس کے باعث ملکی معیشت مشکلات کا شکار ہے۔

 

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 98 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 164 روپے 8 پیسے ہو گئی۔

دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 50 پیسے کی بڑھوتری دیکھی گئی، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 164 روپے ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی ادائیگیوں کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی مانگ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سونے کی فی تولہ قیمت 6 سوروپے اضافے سے 98ہزار 1سو روپے پرپہنچ گئی ۔