سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 90.74 پوائنٹس کی تیزی

Last Updated On 01 June,2020 04:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد 90.74 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے دوران وفاقی حکومت کی طرف سے بجٹ پیش کیا جانا ہے جس کے حوالے سے سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ میں دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ملک بھر میں عید الفطر کی تعطیلات کے بعد جب کاروبار کا آغاز ہوا تو اس وقت بھی حصص مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے محتاط انداز اپنایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد پہلے کاروباری روز کے دوران 141.19 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی جبکہ دوسرے روز(کاروباری ہفتے کے آخری روز) 100 انڈیکس 235.81 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 33931.23 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں پہلے دو گھنٹوں کے دوران غیر یقینی صورتحال رہی، جس کے بعد پہلے دو گھنٹوں کے دوران 66.24 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث انڈیکس 33866 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

کاروبار میں اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، ایک موقع پر انڈیکس 33820.09 پوائنٹس کی نچلی سطح جبکہ تیزی کے باعث انڈیکس 34062.14 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔

تاہم پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 90.74 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34021.97 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا جبکہ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.27 فیصد کی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران 12 کروڑ 41 لاکھ 36 ہزار 907 شیئرز کا لین دین ہوا۔