اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھارت میں سفارتی عملے کی گرفتاری کو انتہائی قابل مذمت حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے جھوٹے الزامات کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ بھارت خطے میں تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے۔
تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو متعصبانہ اور پرتشدد اقدامات کا نشانہ بنانے والی بی جے پی حکومت پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی مہم شروع کر چکی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت پاکستانی ہائی کمیشن کو اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی سے روکنا اور سفارتی عملے کی گرفتاری، تشدد مذموم اور انتہائی قابل مذمت حرکت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد اپنے جرائم کو چھپانا، اقلیتوں کے خلاف عالمی بدنامی، رسوائی اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کےدو اہلکاروں پرتشدد،24 گھنٹےمیں ملک چھوڑنےکا حکم
وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارتی اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے سفارتی اور عالمی قانون کے منافی رویہ پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں اپنے تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے۔ بھارتی شرپسندی اور توسیع پسندانہ سوچ چین جیسے امن اور ترقی پسند دوست ملک کو بھی سرحد پر اپنی فوج لانے پر مجبور کر چکی ہے۔جبکہ نیپال کے حوالے سے بھی اسی قسم کی خبریں میڈیا میں آ رہی ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ مسلمہ عالمی تنازع جموں وکشمیر پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات بھارت کے خلاف جرائم کی فرد جرم ہے۔