کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث کئی روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔
تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کچھ روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھے۔ انھیں پچھلے ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد مسلسل عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ تاہم وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطیہ کر لیا تھا۔ بعد ازاں طبعیت زیادہ خراب ہونے کے باعث ان کے اہلخانہ نے انھیں نجی ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔
مرتضیٰ بلوچ کا 14 مئی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ مرحوم گڈاپ کے ٹاؤن ناظم بھی رہے۔ وہ پی ایس 88 ملیر ٹو رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں کورونا بے قابو: ایک ہی دن میں ریکارڈ 3 ہزار 938 نئے کیسز، مزید 78 افراد جاں بحق
ادھر پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 76 ہزار 398 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہونے سے اموات کی تعداد ایک ہزار 621 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 938 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 27 ہزار 850، سندھ میں 29 ہزار 647، خیبر پختونخوا میں 10 ہزار 485، بلوچستان میں 4 ہزار 514، گلگت بلتستان میں 738، اسلام آباد میں 2 ہزار 893 جبکہ آزاد کشمیر میں 271 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 77 ہزار 974 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 548 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 27 ہزار 110 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 621 ہوگئی۔ سندھ میں 503، پنجاب میں 540، خیبر پختونخوا میں 482، گلگت بلتستان میں 11، بلوچستان میں 49 اور اسلام آباد میں 30 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔