کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں وزیر ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ سندھ حکومت نے کل سے پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا۔ ٹرانسپورٹرز ایس او پیز کے تحت بسیں چلائیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کل سے ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی، ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ اور انسپکشن ٹیم تشکیل دی ہے، ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو گاڑیاں بند کی جائیں گی، تمام گاڑیوں میں اضافی مسافر نہیں بٹھائے جائیں گے، مسافر گاڑیوں میں ماسک اور سینیٹائزر کو لازم قرار دیا گیا ہے، صرف منظور شدہ اڈوں سے گاڑیاں نکلیں گی، خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے پیر سے جمعہ تک کاروبار کھولنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق صوبہ میں کاروباری اوقات کار صبح 6 سے شام 7 بجے تک ہونگے۔
نوٹیکفکیشن کے مطابق صوبے میں تعلیمی ادارے، ٹریننگ انسٹیوٹ، شادی ہالزکی بندش برقرار رہے گی، ایکسپو ہالز، سپورٹس کلب، جمز بھی بند رہیں گے، سپورٹس ٹورنامنٹ، بیوٹی پارلر، مزارات، سیمنا، تھیٹر کی بندش بھی برقرار رہے گی، ریسٹورنٹ کو ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔