اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے ایک بار پھر پارلیمنٹ کے براہ راست اجلاس منعقد کرنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں خطرناک وباء صوبائی وزیر سمیت 4 ارکان اسمبلی کی زندگیاں نگل چکی ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارلیمان کے مواصلاتی سیشن کر کے احتیاط کا مظاہرہ کرسکتے ہیں، پارلیمنٹ کے براہ راست اجلاسوں کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کورونا کاشکار ہوچکے ہیں، ایک ہفتے میں خطرناک وباء صوبائی وزیرسمیت 4 ارکان اسمبلی کی زندگیاں نگل چکی ہے جب کہ 18 کے قریب ارکان اسمبلی اب بھی کورونا سے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ ہوٹلوں میں یا براہ راست سیشن بلانے کی بجائے ورچوئل اجلاس کیئے جائیں۔ وفاقی وزیر نے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان سے بھی رابطہ کر کے اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا ہے۔