اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ادویات خصوصاً متعدی امراض کے شعبے میں پاک چین تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز اسلام آباد میں میجر جنرل ڈاکٹر Feihu Zhou کی قیادت میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے طبی ماہرین کے دس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت نے کورونا جیسی مہلک وباؤں سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے علاقائی اور عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کے لئے چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے پاکستان کے طبی ماہرین کی معاونت کے لئے عطیات اور طبی ٹیم بھیجنے پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
صدر نے کہا کہ وہ کورونا وائرس پر کامیابی سے قابو پانے پر چینی قیادت کی کوششوں سے متاثر ہیں۔ میجر جنرل ڈاکٹر Feihu Zhou نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مختلف حکمت عملیوں کے بارے میں ایک جامع پریزنٹیشن دی۔
انہوں نے بتایا کہ چین کی میڈیکل ٹیم نے مقامی طبی مراکز کا دورہ کیا اور کورونا کے بارے میں پاکستان کے ماہرین صحت سے اپنے تجربات اور مہارت کا تبادلہ کیا۔