اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم کی کاروائی کے لیے ذاتی حیثیت میں 11 جون کو طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش نہ کیا جس پر عدالت نے ایس پی ہیڈ کوارٹر کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر حال میں عدالت پیش کیا جائے۔
عدالت نے شہباز شریف کے نمائندے کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر شہباز شریف ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ عدالت نے حکم دیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی کمرہ عدالت موجودگی میں رمضان شوگر ملز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے دونوں کو 11 جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب آشیانہ ریفرنس پر ملزمان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور شہباز شریف کے شریک ملزم شاہد محمود کے وانٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 4 ماہ میں ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے، لہذا آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی پیشی کو یقینی بنایا جائے تاخیر کس صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عدالت نے آشیانہ کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف گواہوں کو طلب کرلیا۔