پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ اس بار صوبائی بجٹ خسارے کا ہوگا، عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگائیں گے۔
پشاور میں مشیر اطلاعات اجمل وزیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سال صوبے کو سو ارب کا نقصان ہوا ہے لیکن اس کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس بار بجٹ میں صحت کے شعبے کو زیادہ ترجیح دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے آئندہ مالی سال کا بجٹ رواں ماہ 19 جون کو پیش کیا جائیگا۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام اراکین کے ایک ہفتہ قبل کورونا کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی عوام نے ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان سے اپیل ہے کہ احتیاط ہی کورونا کا واحد علاج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹے کا معاملہ قومی رابطہ کمیٹی میں اٹھایا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ آرڈیننس کے تحت بغیر وارنٹ چھاپے مارے جائیں گے۔