شاہ زین، عثمان ترکئی، سلمان رفیق ، سیف الملوک کھوکھر بھی کورونا کا شکار

Last Updated On 07 June,2020 10:18 am

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا وائرس نے پاکستانی سیاستدانوں کو نشانے پر رکھ لیا، لیگی ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق، سیف الملوک کھوکھر ایم این اے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور ایم این اے عثمان خان ترکئی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، چند روز کے دوران اوسطاً دو ہزار سے زائد کیسز سامنے آ رہے ہیں، ان میں اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے لکھا کہ میرا کوروناوائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، میں نے اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ 

ٹویٹ میں لیگی رہنما نے مزید لکھا کہ الحمد للہ میری صحت بہتر ہے، مجھے اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔

دوسری طرف سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے خواجہ سلمان رفیق کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد از جلد صحت یاب کرے۔ آپ ہمارا اثاثہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صوبوں کو اضافی 250 وینٹی لیٹرز فراہم کر دیئے گئے

ڈیرہ بگٹی سے ایم این اے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور ان کے کئی ساتھیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ پی پی ایل سوئی کے پندرہ ملازمین کے بھی ٹیسٹ پوزیٹو آگئے، تمام افراد نے خود کو گھروں میں آئسولیٹ کردیا۔

دریں اثناء صوابی سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی وبا کے پاکستان میں ڈیرے، کئی اہم شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار

عثمان خان ترکئی کا کہنا ہے کہ میری بیوی، بیٹے اور بہود کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، ہم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے، قوم ہماری صحت کے لیے دعا کرے۔  

مسلم لیگ ن کے پنجاب میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر اور ان کے صاحبزادے ملک فیصل یوسف کووڈ 19 کے مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر اور ان کے بیٹے نے مرض کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے ہیں، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 93 ہزار 983 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 935 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 734 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 35 ہزار 308، سندھ میں 34 ہزار 889، خیبر پختونخوا میں 12 ہزار 459، بلوچستان میں 5 ہزار 776، گلگت بلتستان میں 897، اسلام آباد میں 4 ہزار 323 جبکہ آزاد کشمیر میں 331 کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری اہلخانہ سمیت کورونا وائرس میں مبتلا

ملک بھر میں اب تک 6 لاکھ 60 ہزار 508 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 185 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 32 ہزار 581 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 935 ہوگئی۔ سندھ میں 615، پنجاب میں 659، خیبر پختونخوا میں 541، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54، اسلام آباد میں 45 اور آزاد کشمیر میں 8 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement