اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) ارشد ملک نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں قومی ائیر لائن کو اس وقت تقریباً چھ ارب روپے ماہانہ کے خسارے کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں قومی ائیر لائن میں اصلاحات و تنظیم نو کے امور پر غور کیا گیا، وفاقی وزیر غلام سرور خان، وزیر اطلاعات شبلی فراز، معاون خصوصی عشرت حسین، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف ایگزیکیٹو پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) ارشد ملک و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ سی ای او پی آئی اے نے طیارہ حادثے کی تحقیقات پر وزیراعظم سمیت دیگر شرکاء کو شہید افراد کا جسد خاکی، لواحقین کےحوالے کرنے کے معاملہ اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگیوں میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔
قومی ایئر لائن کی تنظیم اور اصلاحات کے مفضل روڈ میپ اور ٹائمز لائنز وزیراعظم کو پیش کی گئی۔
بریفنگ کے دوران ایئر مارشل ارشد ملک نے بتایا کہ قومی ائیر لائن کو اس وقت تقریباً چھ ارب روپے ماہانہ کے خسارے کا سامنا ہے۔ ساڑھے چودہ ہزار ملازمین کی محض تنخواہوں پر24 ارب روپے سالانہ خرچ ہوتے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارہ سالوں میں ادارے کے دس سربراہ تبدیل ہو چکے ہیں، سولہ ماہ کی تعیناتی میں تقریباً 3 ماہ عدالتی کیسز کی وجہ سے کام کرنے سے قاصر رہے، ان وجوہات کی بنا پر ادارے میں اصلاحات کا عمل شدید متاثر ہوتا رہا۔