اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق عوام میں آگاہی پھیلائی جائے، ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر انہیں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں لیڈرشپ کا کردار اہم ہے، عوام کے ایک طبقے میں کورونا کے بارے میں ابھی بھی غلط فہمیاں موجود ہیں۔ عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ممکن نہیں کیونکہ جہاں ہمیں ایک طرف کورونا سے خطرہ ہے وہیں پر ہمارے لیے غربت بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ معاشرے میں اضطراب کی بجائے اس صورتحال کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کورنا بے قابو: ایک دن میں ریکارڈ 105 افراد جاں بحق، 1 لاکھ 8 ہزار 317 متاثر
عمران خان کا کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہو کر کورونا کے پھیلاؤ کو محدود کیا جا سکتا ہے۔ عوام کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ترغیب دی جائے۔ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار 317 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 105 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 172 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 646 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 40 ہزار 819، سندھ میں 39 ہزار 555، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 6، بلوچستان میں 6 ہزار 788، گلگت بلتستان میں 952، اسلام آباد میں 5 ہزار 785 جبکہ آزاد کشمیر میں 412 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 7 لاکھ 30 ہزار 453 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 ہزار 620 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 35 ہزار 18 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 105 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 172 ہوگئی۔ سندھ میں 679، پنجاب میں 773، خیبر پختونخوا میں 587، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 58 اور آزاد کشمیر میں 9 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔