اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سرمایہ کاری، سیاحت کےفروغ کیلئے175 ممالک کیلئے الیکٹرانک ویزہ متعارف کرایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ اور معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر نے ملاقات کی ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو وزارت داخلہ اور اس کے مختلف محکموں کی گزشتہ بیس ماہ (اگست 2018 تا اپریل 2020) کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
وزیر اعظم عمران خان سے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی ملاقات
— Govt of Pakistan (@pid_gov) June 10, 2020
وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو وزارت داخلہ اور اسکے مختلف محکموں کی گذشتہ بیس ماہ (اگست 2018 تا اپریل 2020) کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ pic.twitter.com/32QXF5bnnH
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس دوران نیشنل انٹرنل سیکیورٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کا احیا کیا گیا۔ ماہرین پر مشتمل 14 رکنیٰ اعلیٰ سطح کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو مختلف امور سے متعلق ایک ماہ میں اپنی سفارشات پیش کریں گی۔
وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ ملک میں سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق 175 ممالک کے لیے الیکٹرانک ویزہ متعارف کرایا گیا جس سے پاکستانی ویزے کا حصول نہایت سہل ہو گیا ہے۔ ملک سے دہشت گری کا مکمل قلع قمع کرنے خصوصاً دہشت گردوں کے مالی وسائل کی روک تھام کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کی گئی۔
عمران خان کو بتایا گیا کہ سمگلنگ کے ناسور سے نمٹنے کے لئے اعلی سطحی اسٹیرنگ کمیٹی کی جانب سے جامع پالیسی اور مفصل حکمت عملی مرتب کرکے اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی معیشت اور صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے اس عفریت کی موثر روک تھام کی جا سکے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں قبضہ مافیا سے تقریبا 100 ارب روپے مالیت کی 15000 کنال اراضی واگزار کروانے کے لئے تجاوزات کے خلاف ریکارڈ 70 آپریشن کئے گئے۔
عمران خان کو بتایا گیا کہ نادرا کی جانب سے ملکی اور قومی مفاد میں دیگر سرکاری اداروں کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان میں معیشت کو دستاویزی شکل دینے، ٹیکس بیس میں اضافے اور ٹیکس وصولی کے معاملات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نادرا کی جانب سے نیا پاکستان ہاوسنگ پروگرام میں بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے ۔