اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں حماد اظہر کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا۔ ارکان نے بجٹ نامنظور اور آٹا چینی چور کے نعرے لگائے۔
تفصیل کے مطابق قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ اراکین حماد اظہر کی تقریر کے دوران شور شرابہ کرتے رہے، انہوں نے ڈیسک بجائے اور شدید نعرہ بازی بھی کی۔
اپوزیشن ارکان نے ایوان میں پلے کارڈز لہرا دئیے، جن پر آٹا چور، چینی چور، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں؟ کے نعرے درج تھے۔
پلے کارڈز پر زراعت برباد، کسان بدحال اور کورونا کے حوالے
سے طنزیہ نعرے بھی نمایاں تھے۔ سپیکر بار بار ارکان کو خاموش رہنے کی تلقین اور بینرز لہرانے سے روکتے رہے لیکن حزب اختلاف کے ارکان نے اسے نظر انداز کر دیا۔
اپوزیشن ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا۔ شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کورونا پازیٹو آنے کے باعث اجلاس میں نہ آئے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔