کراچی: (دنیا نیوز) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں توانائی کے شعبے کے لیے 71 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے، پاور ڈویژن کے 9 نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاور اور پٹرولیم ڈویژن کی بجٹ تجاویز تیار کر لی گئی ہیں، پاور ڈویژن کو 70 ارب جبکہ پٹرولیم سیکٹر کو ڈیڑھ ارب روپے درکار ہے، کاسا 1000 منصوبے کی ٹرانسمشن لائن کیلئے 4 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاورسیکٹر کے 9 نئے منصوبوں کے لیے ایک ارب 46کروڑ روپے جبکہ 72جاری منصوبوں کے لیے 68ارب 48کروڑ سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے۔
جام شورو کول پاورپلانٹ کیلیے 20ارب، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) ژوب ٹرانسمشن لائن منصوبے کے لئے تین ارب اور جھمپیر ونڈ پاور پلانٹ سے بجلی کی ترسیل کے لیے چار ارب روپے مانگے گئے ہیں۔
سپیشل اکنامک زون حطار میں بجلی منصوبے کے لیے 30 کروڑ اور رشکئی اکنامک زون کے لیے 94کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، پٹرولیم ڈویژن کے پانچ جاری مںصوبوں کے لیے ایک ارب پچاس کروڑ روپے سے زائد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
رشکئی سپیشل اکنامک زون میں گیس کی فراہمی کے لیے 70کروڑجبکہ دھابیجی اکنامک زون کو13.5ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہمی کے لیے 30کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویزہے۔