قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس، سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 1324ارب روپے منظور

Last Updated On 10 June,2020 05:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے سالانہ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 1324ارب روپے منظور کر لیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد ترقیاتی پروگرام کا حجم منظور کر لیا گیا۔

دنیا نیوز کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 1324 ارب روپے منظور کیا گیا ہے۔ وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلیے اضافی سو ارب روپے کے ساتھ 650 ارب روپے منظور کیے گئے ہیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 674 ارب روپے رکھا گیا ہے، انسداد کورونا کے لیے 70 ارب روپے کے خصوصی منصوبے منظور کیے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق انفراسٹرکچر کے لیے 364 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا گیا ہے، توانائی کے لیے 80 ارب روپے، پانی کے لیے 70 ارب روپے، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے لیے 179 ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا گیا ہے۔

دنیا نیوز کو دستیاب دستاویز کے مطابق سماجی شعبوں کے لیے 249 ارب روپے کے ترقیاتی پراجیکٹس منظور کیے گئے ہیں، صحت اور بہبود آبادی کے لیے 20 ارب روپے، ہائر ایجوکیشن کے لیے 35 ارب روپے، پائیداد ترقی کے لیے 24 ارب روپے کے پراجیکٹس منظور کیے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 40 ارب روپے منظور ہوئے ہیں، خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کے لیے 48 ارب منظورکیے گئے ہیں۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے 20 ارب روپے، انسداد ٹڈی دل سمیت زراعت کے لیے 14 ارب روپے، ایرا کے لیے 3 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
 

Advertisement