راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ان کی طبعیت بہتر ہے، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کورونا کی بیماری کو سنجیدہ لیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے ایک پیغام میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ان کا کورونا کے حوالے سے علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔ الحمدللّٰہ رات کی نسبت اب بہتر محسوس کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ میری جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کر رہے ہیں ان کا بہت شکر گزارہوں۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کورونا کی بیماری کو سنجیدہ لیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ گھروں میں رہیں۔
واضح رہے شیخ رشید کو گزشتہ شب ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کو ڈاکٹروں کے مشورے پر ہسپتال داخل کیا گیا۔