کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا، پنجاب میں تاریخی بجٹ پیش کیا گیا: فیاض الحسن

Last Updated On 16 June,2020 02:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، سخت معاشی حالات کے باوجود جامع میزانیہ بزدار حکومت کی کامیابی ہے، شروع دن سے ہی کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے بجٹ پر ردعمل میں کہا کہ ٹیکسٹائل، لیدر، آئی ٹی، کیٹرنگ، گیسٹ ہاؤسز اور چھوٹے ہوٹلوں سمیت 20 سے زائد سروسز پر ٹیکس 16 فیصد سے 5 فیصد کیا جا رہا ہے، کفایت شعاری مہم کی مد میں نئی گاڑیوں کی خریداری کی 60 فیصد درخواستیں مسترد کر کے ڈیڑھ ارب کی بچت کی گئی۔ انہوں نے کہا کرونا، ٹڈی دل اور متوقع سیلاب کی تناظر میں یہ ایک نہایت متوازن اور متناسب بجٹ ہے، تعلیم، صحت اور اے ڈی پی کو پچھلے سال سے زیادہ فنڈز دیئے گئے ہیں، عالمی و ملکی سطح پر سخت ترین معاشی حالات کے باوجود جامع بجٹ بزدار حکومت کی کامیابی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا موجودہ بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 32 فیصد زیادہ ترقیاتی فنڈز رکھے گئے ہیں، پرائمری ہیلتھ کیئر کیلئے 135.9 ارب، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کیلئے 148.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، بزدار حکومت شروع دن سے ہی کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیرا رہی ہے، کفایت شعاری مہم کی مد میں ڈیڑھ ارب کی بچت کی گئی، مالی سال 2020-21 میں تخمینہ شدہ صوبائی بچت 125 ارب روپے ہے، عالمی وبا کرونا سے ملکی معیشت کو شدید دھچکا لگا۔