ادویات کی بلیک مارکیٹنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی: ظفر مرزا

Last Updated On 16 June,2020 06:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے زیر استعمال جان بچانے والی ادویات کی زائد قیمت وصولی یا اس کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک بیان میں کہا کہ ادویات کے انضباطی ادارے کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے استعمال کی جانے والی ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے استعمال کئے جانے والے ٹیکے جامع طریقہ کار کے تحت صرف تشویشناک حالت والے مریضوں میں تقسیم کئے جائیں گے تاکہ مختلف ہسپتالوں کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ٹیکوں کے لئے زائد قیمت وصول کئے جانے کی صورت میں ادویات کے انضباطی ادارے کو اس کے ٹال فری نمبر0800-03727 پر آگاہ کیا جائے۔