بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترجیحی بنیادوں‌پر واپسی، پروازوں کا آغاز 20 جون سے ہوگا

Last Updated On 17 June,2020 07:48 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بالخصوص مزدوروں اور طالب علموں کو ترجیحی بنیادوں پر وطن واپس لانے کیلئے پروازوں کا آغاز 20 جون سے ہوگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ یہ پروازیں خصوصی طور پر مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے چلائی جا رہی ہیں۔ صرف ایسے تارکین پاکستانی وطن واپس آئیں جن کا آنا ضروری ہو۔ وطن واپس آنے والے مسافر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ان کیلئے قرنطینہ لازمی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف کے ہمراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ذوالفقار بخاری نے کہا کہ خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانی مشکلات کا شکار تھے، ان کی مشکلات سے آگاہ ہیں اور ان کیلئے حل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ 21 مارچ سے اب تک 80 ہزار پاکستانی واپس آ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں 40 ہزار پاکستانی بے روزگار ہوئے لیکن کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ان کی تعداد میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ 18 ماہ میں 9 لاکھ 70 ہزار پاکستانی بیرون ملک ملازمت کیلئے بھیجے ہیں جو بڑی کامیابی ہے۔ صورتحال بہتر ہونے پر دوبارہ ہر ماہ 50 ہزار سے زائد پاکستانی بیرون ملک بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث انتقال کر جانے والوں کی 400 سے زائد افراد کی میتیں سعودی عرب سے واپس لائی گئی ہیں، اب بھی سعودی عرب میں 100 کے لگ بھگ میتیں موجود ہیں، ان کو وطن واپس لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
 

Advertisement