اسلام آباد ہائیکورٹ: آئل کمپنی کی ایف آئی اے کو کارروائی سے روکنے کی استدعا مسترد

Last Updated On 23 June,2020 11:38 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی پرحکومتی کارروائی کے خلاف درخواست پر وزارت توانائی سے 25 جون کو جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو کارروائی سے روکنے کے لیے آئل کمپنی کی استدعا مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے فریقین کے دلائل کے بعد نوٹس جاری کئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کی کچھ ذمہ داریاں ہیں اور وہ عوام کو جوابدہ ہے، فیول سپلائی میں خلل ہے تو ایگزیکٹو کو انکوائری کا اختیار ہے۔ عدالت نے وزارت توانائی، اوگرا، فیول کرائسز کمیٹی اور ایف آئی اے کو 25 جون کےلیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔