شہباز شریف کا اصل مقصد قوم کو کنفیوز کرنا ہے، کامیاب نہیں ہونگے: شہباز گل

Last Updated On 23 June,2020 05:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ قوم کسی کنفیوژن کی نہیں بلکہ شریف خاندان کی کرپشن اور لوٹ مار کی قیمت ادا کر رہی ہے۔

معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف فرماتے ہیں کہ میں غریب والدین کے گھر پیدا ہوا جبکہ میرے بھائی کے والد جدی پشتی امیر تھے۔ یہ اقوال ان موصوف کے ہیں جو وزیراعظم پر کنفیوز ہونے کا الزام لگا رہے ہیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کنفیوز وہ ہیں جو لیپ ٹاپ پر ماسک پہنتے جبکہ نیب پیشی پر چوروں کی بارات کے ساتھ جاتے ہیں۔ آپ کا اصل مقصد قوم کو کنفیوز کرنا ہے جس میں آپ کامیاب نہیں ہونگے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کی کورونا پر پالیسی پہلے دن سے واضح ہے جس کی دنیا معترف ہے۔ ہمیں کورونا کے ساتھ زندگی کو پلان کرنا ہے، جب تک اس کی ویکسین دریافت نہ ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کسی کنفیوژن کی نہیں بلکہ شریف خاندان کی کرپشن اور لوٹ مار کی قیمت ادا کر رہی ہے۔ الحمدللہ پچھلے ہفتے سے کورونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے لیگی رہنما کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کی خواہش تھی کہ سخت لاک ڈاؤن ہو اور لوگ کورونا کے ساتھ ساتھ بھوک سے مریں اور آپ سیاست کریں۔ اپنی اس خواہش کو ناکام ہوتا دیکھ کر دراصل آپ کی فرسٹریشن بڑھتی جا رہی ہے۔