سٹاک مارکیٹ: 314.69 پوائنٹس کی تیزی، 34 ہزار کی نفسیاتی ایک مرتبہ پھر حد بحال

Last Updated On 23 June,2020 04:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران بھی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 314.69 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے بعد ایک مرتبہ پھر 34 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیاسی تناؤ میں کمی اور ممکنہ طور پر شرح سود کی کمی کی اطلاعات اور بینکوں کی طرف سے قرضوں میں نرمی کی اطلاعات نے سٹاک مارکیٹ پر اچھے اثرات ڈالے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حصص مارکیٹ میں 298.97 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد انڈیکس 33737.92 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ جس کے باعث انویسٹرز کو 40 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 33438.95 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران پہلے ہی دو گھنٹوں میں 200 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، تاہم اس کے بعد غیر یقینی صورتحال نے ڈیرے ڈالے جس کے باعث تیزی میں جانے والی سٹاک مارکیٹ میں معمولی مندی لوٹی اور انڈیکس دوپہر بارہ بجے تک انڈیکس 120 پوائنٹس گر گیا تھا۔

تاہم اس کے بعد ایک مرتبہ پھر سٹاک مارکیٹ میں تیزی کو دیکھنے کو ملی اور انڈیکس میں ایک مرتبہ پھر 200 سے زائد پوائنٹس کی تیزی آئی۔ ایک موقع پر انڈیکس 34072.97 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

پورے کاروباری روز کی ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس کا اختتام 314.69 پوائنٹس کی تیزی پر ہوا جس کے بعد انڈیکس 34 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے 34052.61 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.93 فیصد کی تیزی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 9 کروڑ 7 لاکھ 3 ہزار شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 50 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔