شوگر ملز انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی نہ کی جائے، سندھ ہائیکورٹ

Last Updated On 23 June,2020 07:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے حکومت کو شوگر ملز انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر علمدرآمد سے روک دیا ہے۔ شوگر ملز مالکان کی درخواست پر دو رکنی بنچ کا حکم نامہ جاری، فریقین سے تیس جون کو جواب طلب کرلیا گیا۔

تفصیل کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر کو شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد سے روکتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک کسی قسم کی کارروائی نہ کی جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے اس سلسلے میں وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے فریقین سے 30 جون کو جواب طلب کر لیا ہے۔ شوگر ملز مالکان کی درخواست پر جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حکم نامہ جاری کیا۔

خیال رہے کہ درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ چینی انکوائری کمیشن قانون کے مطابق تشکیل نہیں دیا گیا۔ اس میں شامل ممبران نے جانبداری کا مظاہرہ کیا۔ کسی بھی درخواست گزار کو معلومات اور وضاحت نہیں لی گئی۔ شوگر کمیشن کی رپورٹ کے بعد یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ تمام شوگر ملز غیر قانونی کام کر رہی ہیں۔