لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے فواد چودھری کے بیان پر انھیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ حکومت سے مطمئن نہیں تو استعفیٰ دے دیں،
فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ فواد چودھری خود کو زیادہ وژنری سمجھتے ہیں، میں نے انھیں 6 ماہ قبل سمجھایا تھا کہ باز آ جاؤ۔ ان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری سمجھتے ہیں کہ عمران خان ناکام ہو گئے، وہ وزیراعظم کا لحاظ کرتے ہیں تو ان کو شرم کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: اسدعمر کو جہانگیر ترین نے وزارت خزانہ سے فارغ کرایا: فواد چودھری
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی لڑائی سے پارٹی کمزور ہوئی، دونوں میں سیاسی بات نہ بننے سے سیاسی قیادت آؤٹ ہوگئی، سیاسی لوگوں کی جگہ بیوروکریٹس نے لے لی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسد عمر کو جہانگیر ترین نے وزارت خزانہ سے فارغ کرایا، اسد عمر دوبارہ آئے تو جہانگیر ترین کو فارغ کرا دیا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں ملاقاتیں ہوئیں لیکن بات بنی نہیں، ہر پارٹی میں گروپنگ ہوتی ہے لیکن جس شاخ پر بیٹھتے ہیں اسے کاٹا نہیں جاتا۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کی لیڈر شپ کمزور لوگوں کو دی جو ہر بات پر ڈکٹیشن لیتی ہے۔