کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پاکستان کے دورے کو کوئی خطرہ نہیں: انگلش کرکٹ بورڈ

Last Updated On 23 June,2020 06:17 pm

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈکرکٹ بورڈ نے گرین شرٹس کے تین کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر برطانوی میڈیا کی جانب سے دورہ پاکستان پر پیدا کیے جانے والے شکوک و شبہات کو مسترد کردیا۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ایشلےجائلز نے دورہ پاکستان پر تمام شکوک مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرپاکستان کے دورے کو کوئی خطرہ نہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آئندہ پیر کو انگلینڈ روانہ ہونا ہے، اس دوران تین ٹی ٹونٹی اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

ایشلےجائلز نے کہا کہ کورونا کی وجہ سےویسٹ انڈیز کی سیریز پر بھی صورتحال غیر یقینی ہے، ابھی پاکستان کے ٹیسٹ میچزبہت دور ہیں اور فی الحال سیریز پر کوئی شکوک شبہات نہیں۔

انگلینڈ کی طرف سے 54 ٹیسٹ کھیلنے والے سابق سپنر کا کہنا تھا کہ ہم بھی پر امید ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کھیلنے کے لیے انگلینڈ آئے گی، ابھی مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کے رزلٹ آنا ہیں،ہم بہت زیادہ احتیاط کر رہے ہیں، پاکستان میں حالات ٹھیک نہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ وہ اس صورتحال سے نکلیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی سیریز سے انگلینڈ کرکٹ بورڈکو 80 ملین پاؤنڈز آمدنی ہوگی اور انگلش بورڈ اس موقع کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے حتی الامکان کوشش کر رہا ہے۔