لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے دورہ انگلینڈ کو موجودہ صورتحال میں ایک بڑا چیلنج قرار دے دیا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو دیکھ کر تیاری کا موقع ملے گا، کوشش ہوگی کہ پرفارمنس کے تسلسل کو برقرار رکھوں۔
عابد علی نے کہا کہ اس مرتبہ پچز مختلف ہوں گی کوشش کروں گا کہ خود کو ایڈجسٹ کرکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔
انہوں نے کہا کہ پرفارمنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ کی سی سے بی کیٹیگری میں آیا ہوں، کوشش ہوگی کہ مزید بہتر کارکردگی دکھا کر ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں۔
عابد علی نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ مختلف ہوگئی ہے، انگلینڈ جلد پہنچ کر تیاری کا موقع ملے گا، انگلینڈ کا دورہ کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم دوسرا، تیسرا ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی سیریز ساؤتھمپٹن میں کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز 28 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جائے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں فواد عالم اور سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ نوجوان حیدر علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔