کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا اچھا فیصلہ ہے۔
دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے والے اوپنر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس میں کھلاڑیوں کیلئے مشکل صورتحال ہے۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت ٹور ہوگا۔ سال 2019 میرے لئے اچھا نہیں گزرا۔ کوشش ہے کہ آئندہ اپنے پرفارمنس اچھی کروں۔
فخر زمانے کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ بننے والے یونس خان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
دورہ انگلینڈ کے حوالے سے اوپنر کا کہنا تھا کہ چمپئینز ٹرافی کی پرفارمنس یاد آتی ہے۔ میرے کافی میچز اچھے نہیں گزرے۔ گیند کو شائن کرنے کیلئےکوئی طریقہ نکال لیں گے، اچھی بات یہ ہے کہ کرکٹ دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں دیانت داری سے بات کروں تو میں ضرورت سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہوگیا تھا۔ سابق کوچ مکی آرتھر نے مجھ سے کہا کہ مجھے ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں ہے اور میں فری مائنڈ کے ساتھ کھیلوں لیکن اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ میں نے اننگز کے شروع میں ٹائم لینا چھوڑ دیا اور پہلی گیند سے جارحانہ انداز اختیار کرنے کی غلطی کر بیٹھا۔