دنیا بھر میں 200 افراد کو لکھ پتی بنانے والی خاتون کے چرچے

Last Updated On 15 June,2020 04:52 pm

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا میں ایسے بھی لوگ ہیں جو دوسروں کو ترقی دے کر خوش ہوتے ہیں۔ ایسے افراد میں ہولی ٹکر بھی شامل ہیں جو برطانوی تاجر، اینٹرپرونیئر اور چھوٹے کاروبار شروع کرنے کی ماہر ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہولی ٹکر اب تک 200 افراد کو کاروباری گر سکھاتے ہوئے انہیں ڈالروں میں لاکھ پتی بناچکی ہیں۔ 22 سال تک ان کی زندگی پرسکون تھی کہ وہ شدید بیمار ہوئیں، انہیں طلاق ہوگئی اور ان کی زندگی شدید متاثر ہونے لگی۔ 23 برس کی عمر میں ان کے دماغ میں رسولی کی شناخت ہوئی اور وہ درد اور خوف میں مبتلا رہنے لگیں۔

لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی مصنوعات کی فروخت کے لیے نئے مواقع تلاش کرنا شروع کردیئے۔ 2006 میں انہوں نے ویب سائٹ بنائی جس پر چھوٹے تاجر اپنی مصنوعات فروخت کرسکتے تھے۔ یہ ویب سائٹ بہت حد تک ایمیزون اور ای بے جسی ہی تھی۔

تاہم ہولی کے دماغ میں موجود رسولی اب بھی موجود ہے لیکن معجزانہ طور پر وہ سرطانی رسولی نہیں اور نہ ہی کوئی تکلیف پہنچارہی ہے۔

اس کے بعد ان کی ویب سائٹ سے وابستہ 200 افراد دیکھتے ہی دیکھتے لکھ پتی بن گئے اور ہزاروں چھوٹے بڑے کاروبار ان کی ویب سائٹ سے جڑنے لگے اور اب وہ لیکچر اور اپنی کتابوں کے ذریعے بھی خطیر رقم کمارہی ہیں۔ ہولی ٹکر نے اپنی ویب سائٹ سے ایسے لوگوں کو بھی دولت مند بنانےمیں مدد دی جو نہایت مفلس تھے اور اپنے مستقبل سے مایوس تھے۔

ان میں سے ایک خاتون خاص زیورات بنانے کے ماہر تھیں جو دستخط والے ڈیزائن اور تحفے بناتی تھیں۔ ہولی کی ویب سائٹ نے دیکھتے ہی دیکھتے ان کی مصنوعات کو مشہور کردیا اور یوں وہ غربت کے چنگل سے باہر نکل آئیں۔ اس کے بعد ہولی ٹکر نے مزید ویب سائٹ بنوائیں اور کئی لوگوں کے ساتھ ملکر انہیں کاروبار میں مدد فراہم کی۔

دوسری جانب ہولی ٹکر پوری دنیا میں عطیات، رقم اور اسباب سے مدد کرتی ہیں۔ انہوں نے کئی اسکولوں اور تجربہ گاہوں میں بھی سازوسامان میں مدد کی ہے اور اب بھی وہ کم سے کم 100 طلبا و طالبات کے تعلیمی اخراجات برداشت کررہی ہیں۔ اسی لیے اب وہ دنیا بھر میں مشہور ہیں اور انہیں کئی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔