کراچی: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرعماد وسیم کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ قومی کرکٹرز کیلئے اس اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہو گا کہ لاک ڈاؤن کے بعد پاکستانی پلیئرز کو وہاں اپنی اولین سیریز کا سخت چیلنج درپیش ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عماد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ دیگر ساتھیوں کی طرح دوبارہ فیلڈ پر جانے کیلئے بے قرار ہیں کیونکہ موجودہ حالات میں ہر ایک کی اولین ترجیح یہی ہے کہ کرکٹ کا آغاز ہو جائے۔ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ دوبارہ سے کرکٹ شروع ہونا کرکٹرز کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ اسی طرح ان کے معمولات بحال ہو سکتے ہیں اور ضروری نہیں کہ میدان میں کراؤڈ بھی موجود ہو کیونکہ پلیئرز بند دروازوں کی کرکٹ کھیلنے کیلئے بھی اپنا ذہن بنا چکے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر کا کہنا تھا کہ انگلش ٹور پر پاکستان کا اہم مقصد ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر دوبارہ سے عالمی نمبر ون پوزیشن حاصل کرنا ہو گا تاہم ان کی ذاتی خواہش یہی ہے کہ پاکستانی ٹیم مختصر فارمیٹ کے علاوہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں بھی ٹاپ تھری کا حصہ بن جائے۔
عماد وسیم نے بطور آل راؤنڈر اپنی بالنگ اور بیٹنگ رینکنگ میں بہتری کو ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے انگلینڈ کیخلاف اسی کی سرزمین پر سیریز جیتنا بھی اہم مقصد ہوگا کیونکہ اس وقت میزبان سائیڈ دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تھوک کے بغیر بال کو چمکانا آسان نہیں لیکن وہ آئی سی سی کے فیصلے کا احترام کریں گے۔