پارک لین ریفرنس: آصف زرداری پر فرد جرم کیلئے 6 جولائی کی تاریخ مقرر

Last Updated On 26 June,2020 03:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس سکینڈل میں پارک لین ضمنی ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی 6 جولائی تک موخر کر دی۔

 احتساب عدالت میں جعلی اکاونٹس کیسز میں پارک لین ریفرنس پر سماعت شروع ہوئی تو مقدمے میں نامزد ملزم سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست کی گئی۔ ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے آصف زرداری عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔

عدالت نے سابق صدر کو حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے فرد جرم کی کارروائی 8 جولائی تک موخر کرنے کا حکم دیا جس پر فاروق ایچ نائیک نے درخواست کی کہ 6 جولائی کی تاریخ دے دیں جس پر عدالت نے پارک لین ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی 6 جولائی تک موخر کر دی۔

احتساب عدالت نے آصف زرداری اور کراچی میں موجود دیگر ملزمان پر بھی ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نیب کو انتظامات کرنے کا حکم دیا۔

 

Advertisement