سابق صدر آصف علی زرداری کی ہسپتال کے بستر پر لیٹنے کی جعلی ویڈیو پھیلائی جانے لگی

Last Updated On 18 May,2020 08:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جسے اب تک ایک لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھ جا چکا ہے، ویڈیو فیس بک، ٹویٹر اور یوٹیوب پر مارچ اور اپریل 2020ء کے درمیان دس لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی گئی، اس ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری ہسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہیں۔ یہ دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ہماری تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ یہ ویڈیو 2017ء سے گردش کر رہی ہے، اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ ہسپتال کا دورہ کر رہے ہیں اور بیمار سیاسی رہنما کی عیادت کر رہے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق اس جعلی ویڈیو کو 14لاکھ مرتبہ دیکھا گیا ہے اور 38 ہزار سے زائد مرتبہ اسے شیئر کیا جا چکا ہے، اس ویڈیو کو 22 اپریل 2020ء کو فیس بک پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق بیس سکینڈ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ ایک ہسپتال کا دورہ کر رہے ہیں جہاں پر ایک شخص ہسپتال میں بیڈ پر لٹا ہوا ہے۔اس ویڈیو کے اوپر کیپشن بھی درج کیا گیا ہے۔

کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ یہ تازہ ویڈیو ہے جو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی ہے، چور، ڈاکوؤں اس سے سبق سیکھیں، یہ آصف علی زرداری ہیں جو کہتے تھے ہم ہمیشہ اقتدار میں رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری پاکستان کے سابق صدر بھی ہیں جنہوں نے 2008ء سے لیکر 2013ء تک صدر مملکت کے فرائض انجام دیئے تھے۔ جو حالیہ عرصہ کے دوران اپوزیشن کا کردار نبھا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو متعدد بار ہزاروں لوگوں نے شیئر کیا اور اس ویڈیو کو فیس بک، یو ٹیوب اور ٹویٹر پر شیئر کیا گیا، جس میں دعوے کیے گئے یہ آصف علی زرداری ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق ہماری تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ یہ دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ کیونکہ ہسپتال کے بستر پر جو شخص لیٹا ہوا ہے، یہ آصف علی زرداری نہیں بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قاضی حفیظ الرحمن ہیں اور یہ ویڈیو 12 اپریل 2017ء کی ہے، جس میں وزیراعلیٰ سندھ پی پی رہنما سے ہسپتال میں ان کی عیادت کر رہے ہیں۔

اصل ویڈیو جو اپ لوڈ کی گئی ہے اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مسٹر قاضی حفیظ الرحمن کی عیادت ان کے گھر جا کر رہے ہیں۔

اس بات کی تصدیق پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر اور سینئر رہنما سیّد ناصر حسین شاہ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی کیا، انہوں نے یہ ٹویٹ 26 مارچ کی تھی، جس میں لکھا تھا کہ یہ تصویر قاضی حفیظ الرحمن صاحب کی ہے، وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے فیڈرل کونسل کے ممبر ہیں، جو چند سال قبل رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے، میری گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
 

Advertisement